پہلی سہ ماہی میں پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 16 ارب 50 کروڑ کی وصولی
لاہور(خصوصی رپورٹ)محکمہ ایکسائز پنجاب نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مختلف ٹیکسز کی مد میں 35 ارب 50 کروڑ روپے کی ریکوری کرلی۔ محکمہ ایکسائز کے مجموعی سالانہ ریکوری ہدف 124 ارب روپے کے مقابلے میں پہلی سہ ماہی کے دوران تقریباً 28.6 فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا۔محکمہ ایکسائز کے اعداد و شمار کے مطابق پہلی سہ ماہی میں پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 16 ارب 50 کروڑ روپے وصول کیے گئے، جبکہ پراپرٹی ٹیکس کا رواں مالی سال کے لیے سالانہ ہدف 42 ارب روپے مقرر ہے۔اسی طرح موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 16 ارب 70 کروڑ روپے کی ریکوری ہوئی۔ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں سالانہ ریکوری کا ہدف 72 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ پراپرٹی ٹیکس اور موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں مجموعی طور پر 33 ارب 20 کروڑ روپے وصول ہوئے، جبکہ دیگر ٹیکسز کی مد میں بھی ریکوری کی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ پہلی سہ ماہی کی ریکوری کے بعد رواں مالی سال کے باقی تین سہ ماہیوں میں 88 ارب 50 کروڑ روپے مزید وصول کرنا ہوں گے۔