ہائیکورٹ ، لاہور بار یکم فروری کوکنونشن کے میزبان، وکلا تحریک کا آغاز کیا جائیگا
کنونشن وکلا تحریک کا نقطہ آغاز ہوگا:اسد منظور ،مبشر رحمن ،مشترکہ پریس کانفرنس
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہوربار ایسوسی ایشن نے 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف یکم فروری کو آل پاکستان وکلا کنونشن بلانے کا اعلان کردیا۔وکلا کنونشن یکم فروری کو لاہور ہائیکورٹ بار میں ہوگا۔کنونشن میں ملک بھر سے وکلا کے منتخب نمائندے شرکت کرینگے۔ آل پاکستان وکلا کنونشن کی میزبانی لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار مشترکہ طور پر کرے گی۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار اسد منظور بٹ اور صدر لاہور بار مبشر رحمن نے اس حوالے سے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اسد منظور نے کہا کنونشن سے وکلا تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔26 ویں آئینی ترمیم سے بنیادی حقوق پامال ہوئے۔ مبشر رحمن نے کہا لاہور بار ایسوسی ایشن نے بھی 26 ویں ترمیم کیخلاف درخواست دائر کر دی ہے آئینی ترمیم کیخلاف سماعت فل کورٹ میں کی جائے، آل پاکستان کنونشن وکلا تحریک کا نقطہ آغاز ہوگا۔