سائیکل چوری کی وارداتوں میں 39فیصدکمی آئی :بلال صدیق کمیانہ
لاہور(کرائم رپورٹر)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِ صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے محکمہ پولیس کی کارکردگی کے تعین کیلئے متعارف کروائے گئے ’’کی پرفارمنس انڈیکیٹرز‘‘ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی دارالحکومت کی تمام ڈویڑنز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران شہر سے بھکاری مافیا کے مکمل خاتمے کے لئے سوشل ویلفیئراوردیگرمتعلقہ محکموں کے تعاون سے شہر کو بھکاریوں سے پاک کرنے کی حکمت عملی سمیت مختلف امور زیر غور رہے۔سی سی پی اولاہورنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق خواتین اور بچوں کی شکایات کو فوری نمٹایا جائے۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں کمی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ لاہورپولیس کی موثر کارروائیوں کے نتیجے میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں 39فیصدکمی آئی ہے۔انہوں نے پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کی روک تھام پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق پولیس افسران عوام کو بہترین ریلیف فراہم کریں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ عوامی خدمت پولیس پرفارمنس کا بہترین مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس لاہور میں ٹریفک ڈسپلن کو بہتر بنانے میں فعال کردار اداکرے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوالٹی آف انوسٹی گیشن کو مزید بہتر بنا کر عوام کو بھر پور ریلیف فراہم کیا جائے۔ اجلاس میں سی ٹی او لاہوراطہر وحید،ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن)ذیشان اصغر،ڈی آئی جی(او سی یو)عمران کشور، ڈی آئی جی(آپریشنز)محمد فیصل کامران، ایس ایس پی(انوسٹی گیشن)محمدنوید، ایس ایس پی(ایڈمن) عاطف نذیر اورایس ایس پی(آپریشنز)تصور اقبال شریک تھے۔