مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ، دنیا بھر میں بھارت کیخلاف مظاہرے
کشتواڑ میں 11 افراد کی املاک ضبط ،کٹھوعہ میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن
سرینگر(خصوصی رپورٹ)کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں یوم سیاہ منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے دی۔ مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال ہے جبکہ آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک کے دارالحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں ادھر بھارت نے یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ علاقے میں پابندیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ،علاقہ مکمل طور پرایک فوجی چھائونی کا منظر پیش کر رہا ۔ اہم سڑکوں اور شاہراہوں پر اضافی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جہاں بھارتی فورسز کے اہلکار گاڑیوں ، مسافروں اور راہگیروں کی مکمل تلاشی لے رہے۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر انتظامیہ نے ضلع کشتواڑ میں 11 افراد کی قیمتی جائیدادیں ضبط کر لیں،جائیداد وں کی ضبطی کا جواز فراہم کرنے کیلئے آزادی پسندسرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ۔ضلع کٹھوعہ میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔فوجیوں اور نامعلوم افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔