سوڈان میں پیراملٹری آر ایس ایف اور سرکاری فورسز کے درمیان لڑائی جاری ‘معلوم نہیں ہوسکا حملہ کس فریق کی جانب سے کیا گیا
ڈارفر(آئی این پی ) سوڈان کے ڈارفر ریجن میں الفشر کے علاقے میں قائم ہسپتال میں ڈرون حملے میں مریضوں سمیت 67 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سوڈان میں پیراملیٹری آر ایس ایف اور سرکاری فورسز کے درمیان مسلح لڑائی جاری ہے تاہم اس حملے کے حوالے سے تاحال وضاحت نہیں ہوئی کہ کس فریق نے حملہ کیا تھا۔آر ایس ایف نے سوڈان کی فوج سے اپریل 2023 میں شروع ہونے والی لڑائی میں مغربی خطہ دارفر کا تقریبا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔شمالی ڈارفر کے دارالحکومت الفشر کو آر ایس ایف کے اہلکاروں نے گھیرے میں لے رکھا ہے تاہم سوڈانی فوج کے حمایت یافتہ مسلح گروپس ان فورسز کو علاقے کا کنٹرول حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے رہی ہیں اور تمام حملے پسپا ہو رہے ہیں۔