بنگلادیشی اہلکاروں کو ہر ممکن ہنگامی امداد فراہم کی جائے، عبوری سربراہ محمد یونس کا اقوام متحدہ سے مطالبہ
اس طرح کے حملے بلاجواز ہیں جو جنگی جرائم کے زمر ے میں آسکتے ہیں،اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کی مذمت
خرطوم(آئی این پی )سوڈان میں ڈرون حملے میں بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے یو این امن مشن کے 6 ارکان جاں بحق اور 6زخمی ہوگئے۔اقوام متحدہ کے مشن کے مطابق گزشتہ روز سوڈان کے خطے کوردوفان میں ڈرون حملے کے نتیجے میں بنگلا دیش سے تعلق رکھنے والے یو این امن مشن کے 6 ارکان جاں بحق ہوئے۔ڈرون حملے میں کوردوفان ریجن میں یواین مشن کے بیس کو نشانہ بنایاگیا ، حملے کے نتیجے میں 6 ارکان زخمی بھی ہوئے، جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ان زخمیوں کا تعلق بھی بنگلادیش سے ہے۔بنگلا دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے ایک بیان میں واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ بنگلادیشی اہلکاروں کو ہر ممکن ہنگامی امداد فراہم کی جائے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے امن مشن کے اراکین پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حملے بلاجواز ہیں جو جنگی جرائم کے زمر ے میں آسکتے ہیں۔ادھر سوڈانی فوج نے اس حملے کا الزام باغی فوج ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) پر عائد کیا ہے۔واضح رہے کہ سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان گزشتہ 2 سال سے زائد عرصے سے خانہ جنگی جاری ہے جس میں اب تک ہزاروں لوگ مارے جاچکے ہیں۔آر ایس ایف کی جانب سے اس واقعے پر تاحال کوئی فوری ردِعمل سامنے نہیں
آیا۔