وزیراعظم کی قیادت اور حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا
پاکستان میں مسلسل بیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے:چیئرمین یوتھ پروگرام کا تقریب سے خطاب
لاہور (خصوصی رپورٹر) چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، مخالفین کی ترقی کا سفر روکنے کی تمام تر سازشیں ناکام ہوچکی ہیں، معاشی ترقی کے لیے کوششوں کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں، ترکیہ کے صدر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے،آئندہ بجٹ میں عوام کو مزید خوشخبریاں دیں گے۔لاہور کے علاقہ گلشن راوی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبررانہ قیادت اور حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے اور تمام تر معاشی اشاریے مثبت ہیں، سٹاک مارکیٹ نے نئے ریکارڈ قائم کیے، اڑان پاکستان پروگرام ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا، وزیر اعظم ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں، ہمارا ہدف اس ملک کو اور عوام کو خوشحال بنانا ہے، آئندہ بجٹ میں عوام کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔مسلم لیگ ن کے رہنماء کا کہنا ہے کہ حکومت معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی تمام وسائل بروئے کا ر لارہی ہے جس سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہو رہا ہے