حکومت عوام کو مشکلات سے نکالنے میں کامیاب ہو چکی ،عنقریب خوشخبریاں ملیں گی:سردار یوسف

نوجوانوں کوکسی کے بہکاوے میں نہیں آنا‘ منفی پروپیگنڈے سے دور رہنا ہے،وفاقی وزیر برائے مذہبی امور  
فیصل آباد ( آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمدیوسف نے کہا ہے کہ نوازشریف کی قیادت میں وزیراعظم شہباز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو مشکلات سے نکالنے میں کامیاب ہو چکے ہیں ‘ عنقریب عوام کو خوشخبریاں ملیں گی‘ بجلی بھی سستی ہو گی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پیکیج بھی ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے لیگی رہنما عارف محمود ملک کے ڈیرے پر کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ  موجودہ حکومت کا پہلا زینہ معاشی استحکام ہے‘ ملکی ترقی کا سفر اب شروع ہوا ہے‘ معیشت کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے‘کاروباری برادری کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے‘ وزیراعظم کی قیادت میں ملک معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ کسی کے بہکاوے میں نہیں آنا‘ منفی پروپیگنڈے سے دور رہنا ہے‘ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آپ کی امنگوں کے مطابق پورا اترے گی اور ملک دشمن عناصر کو منہ کی کھانا پڑے گی۔