اسلام آباد پر چڑھائی تو دور، یہاں کا رخ بھی نہیں کرنے دیں گے: رانا مشہود

سب سامنے ہے کیسے ایک سیاسی جماعت دہشتگردی اور اداروں پر حملے کے لیے اکسا رہی ہے، قوم 24نومبر کے احتجاج کو مسترد کرچکی
 ہمیں مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں حصہ ڈالنا ہوگا ،،یونی ورسٹی اولمپیاڈ 21سے 23نومبرسے اسلام آباد میں ہوگی ، پریس کانفرنس 
 اسلام آباد(آئی این پی )چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا ہے کہ  قوم 24نومبر کے احتجاج کو مسترد کرچکی ہے، اسلام آباد پر چڑھائی کرنا تو دور کی بات، یہاں کا رخ بھی نہیں کرنے دیا جائے گا،سب سامنے ہے کہ کیسے ایک سیاسی جماعت دہشتگردی اور اداروں پر حملے کے لیے اکسا رہی ہے۔ منگل کو اسلا م آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ معاشی میدان میں طویل عرصے بعد پاکستان کے لیے اچھی خبریں آ رہی ہیں، اب دنیا پاکستان کی طرف رخ کررہی ہے،ہر ماہ ہزاروں کی تعداد میں سپورٹس مین اور سیاح پاکستان آرہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی فوکس ہے ، یونی ورسٹی اولمپیاڈ 21سے 23نومبر تک اسلام آباد میں ہوگی ،سپورٹس اولمپیاڈ میں 5 ہزار سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز شرکت کریں گے۔رانا مشہود کا کہنا تھا کہ اسپورٹس اولمپیاڈ کے ذریعے کھیلوں میں ٹیلنٹ کو آگے آنے کا موقع ملے گا،سپورٹس اولمپیاڈمیں 10 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن )نے ہمیشہ تعمیری کام کیا ہے، صرف ایک جماعت کا کام تخریب کاری کرنا ہے، یہ جماعت عوام کو بہکا رہی ہے، ہمیں مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں حصہ ڈالنا ہوگا ، اس جماعت کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے، یہ نہیں چاہتے کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری ہو، احتجاج کی یہ کال بھی ناکام ہوگی، یہ وہی لوگ ہیں جو آئی ایم ایف کے سامنے احتجاج کرتے رہے،بیرونی سرمایہ کاری آنے سے پاکستان مخالف قوتوں کو تکلیف ہورہی ہیں ۔