وزیراعظم شہباز شریف نے ریفائنریوں کو درخواست کی ‘ چیئرمین اوگرا سمیت ہمیں بھی ہدایت کی، جس کے بعد ریفائنریز کے ساتھ گفتگو ہوئی ‘ریفائنریوں نے حکومت کی درخواست قبول کرلی ہے : وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک
وزیراعظم کی ہدایت ہے عوام کو ہرممکن ریلیف فراہم کیا جائے‘خطے میں جنگ کے باعث دنیا بھر میں تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا، ڈیزل کی قیمت میں کمی سے کاشت کار بھائیوں اور ٹرانسپورٹرز کو ریلیف ملے گا:وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا ہے ریفائنریز کے ساتھ ملاقاتوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ریفائنریز نے حکومت کی درخواست قبول کی ہے، جس کے بعد آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 32 روپے سے زائد کمی کرے گی۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا حکومت کوعوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے، وزیراعظم کی قیادت میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے گئے اورعوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے ریلیف دیا گیا۔علی پرویز ملک نے کہا کہ مشکل وقت ضرور ختم ہوگا، حکومت مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے، حکومت نے مشکل ماحول سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے لیے عوام کو بالکل لاوارث نہیں چھوڑا، اوگرا ریاست کا ادارہ ہے، جس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے، اس کے ساتھ ساتھ حکومت کے جائز مطالبات کا بھی خیال رکھے۔اس موقع پروفاقی وزیرعطا اللہ تارڑ نے کہا وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عوام کو ہرممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اوگرا کی جانب سے آج ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے چند پیسوں کی کمی کا اعلان کیا جائے گا۔عطااللہ تارڑنے کہا خطے میں جنگ کے باعث دنیا بھر میں تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا، ڈیزل کی قیمت میں کمی سے کاشت کار بھائیوں اور ٹرانسپورٹرز کو ریلیف ملے گا،وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئندہ دنوں میں عوام کو مزید خوش خبریاں ملیں گی۔