کونسی پارٹی ایسی ہے جس میں صرف چیئرمین کے پاس عہدہ ہو اور کسی کے پاس نہ ہو
مسلم لیگ ن کو ہمارے لئے بہت کچھ کرنا چاہیے تھا، کراچی میں بلدیاتی حکومت نظرنہیں آرہی
کراچی(آئی این پی )سابق سینیٹر اور رہنما ایم کیو ایم پاکستان مصطفی کمال نے کہا ہے خالد مقبول صدیقی سے کوئی لڑائی نہیں، مسائل پر مشاورت کرتے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی سے اختلافات پر ردعمل دیتے ہوئے مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ اب تک سندھ اسمبلی میں ہم اپنے پارلیمانی اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کا اعلان نہیں کر سکے، اسپیکر سندھ اسمبلی کہتے ہیں کہ پارلیمانی لیڈر کا لیٹر لے کر آ، ان کا کمرہ خالی ہے، الاٹ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت میں آئے 10 ماہ ہو گئے ہیں، پارٹی پارلیمانی لیڈران کے لیٹر ہی نہیں دے رہی، کونسی پارٹی ایسی ہے جس میں صرف چیئرمین کے پاس عہدہ ہو اور کسی کے پاس نہ ہو۔مصطفی کمال کا کہنا تھا ہمیں پارٹی عہدے کی فکر بھی نہیں، دوسروں کو یہ بات اچھی نہیں لگتی، مسلم لیگ ن کو ہمارے لیے ابھی بہت کچھ کرنا چاہیے تھا، ایم کیو ایم اپنے حلقوں میں فیل ہوئی تو اس کا فائدہ اجتماعی مخالفین کو ہو گا، کراچی میں بلدیاتی حکومت نظرنہیں آرہی،بلدیاتی نظام نہیں، یہ لوگ فیل ہوئے ہیں۔