مصطفیٰ کمال، خالد مقبول کراچی کیلئے کوئی بڑا پیکج لے کر آئیں: مرتضیٰ وہاب

 جماعت اسلامی والے اپنی سوچ کے ساتھ چلتے رہیں میں ہر جماعت کے ساتھ چلنا چاہتا ہوں،میئرکراچی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے مصطفیٰ کمال اور خالد مقبول کابینہ میں ہیں، انہیں چاہیے کوئی بڑا پیکج کراچی کے لیے لے کر آئیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ پر کام ہم نے کیا اور کام جاری ہے، ڈینسو ہال کی یہ عمارت 139 سال پرانی ہے، یہاں اس شہر کی پہلی عوامی لائبریری تھی، 1886ء میں انگریزوں نے عوام کے لیے یہ لائبریری بنائی تھی، 1980ء میں اس عمارت کو عوام کے لیے بند کر کے آفس بنا دیا گیا، بدبختی ہے اس کو سرکاری دفتر میں تبدیل کر کے بچوں سے یہ لائبریری چھین لی گئی، 2007 میں کے ایم سی نے اس عمارت کو نجی پارٹی کو دے دیا، 2007ء سے 2023ء تک یہ عمارت عوام کے لیے مکمل بند رہی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر ٹرپل پارکنگ ہوتی ہے ایک پیسا کے ایم سی کو نہیں ملتا، شہر میں پارکنگ کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی والے اپنے ٹاؤن میں پارک بند کر کے یونی ورسٹی کو دے دیتے ہیں، جماعت اسلامی والے اپنی سوچ کے ساتھ چلتے رہیں میں ہر جماعت کے ساتھ چلنا چاہتا ہوں۔