نوجوان افسروں کیلئے کاریں خرید یںگے:چیئرمین ایف بی آر

کمیٹی کے اعتراض کا احترام سے  جواب دیا ہے، ٹیکس اہداف پورے کریں گے
کراچی میں بڑی کمپنیز کے ہیڈ کوارٹرز ہیں اسلئے زیادہ ٹیکس جمع ہوتا ہے:راشد لنگڑیال
کراچی (آئی این پی ) چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے اعتراض کے باوجود افسران کیلئے گاڑیاں خریدنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ  نوجوان افسروں کیلئے کاریں خریدی جائیں گی،   آپریشن کے لیے ضرورت ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ نوجوان افسران کیلئے کاریں خریدی جائیں گی، آپریشنز اور سیلز ٹیکس چیکنگ کیلئے افسر کا وزٹ ضروری ہوتا ہے، کمیٹی کے اعتراض کا احترام سے شافی جواب دیا ہے، ٹیکس اہداف پورے کریں گے۔واضح رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے ایف بی افسران کیلئے گاڑیوں کی خریداری ٹیکس اہداف پورے ہونے سے مشروط کرنے کی ہدایت کی تھی۔کراچی میں سب سے زائد ٹیکس کلیکشن کے حوالے سے ایف بی آر چیئرمین نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں بڑی کمپنیز کے ہیڈ کوارٹرز ہیں، یہاں ملٹی نیشنلز کے بھی ہیڈ کوارٹرز ہیں، ٹیکس کلیکشن کا عمل ادھر سے ریکارڈ میں آتا ہے۔