حکومت کے منافقانہ رویئے کی وجہ سے مذاکرات ختم ہوئے:شیخ وقاص

پیپلز پارٹی حکومت سے خوش نہیں تو باہر نکلے، نخرے کیوں کر رہی ہے:رہنما پی ٹی آئی
اسلام آباد(آئی این پی )پی ٹی آئی کے  مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا  ہے یہ طے ہو چکا ہے  حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھنا، ہم گرینڈ اپوزیشن الائنس بنائیں گے، حکومت کے منافقانہ رویے کی وجہ سے مذاکرات ختم ہوئے۔ایک انٹرویو میں  شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت نے خود 28 کی میٹنگ بلائی، ہم نے تو نہیں کہا تھا، موقع دینا ہے تو بانی پی ٹی آئی نے دینا ہے، مذاکراتی کمیٹی کوئی موقع نہیں دے گی۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہم اب ایک گرینڈ اپوزیشن الائنس بنائیں گے، پیپلزپارٹی بطور اتحادی حکومت کو بلیک میل کر رہی ہے، اپوزیشن الائنس کیلئے پیپلزپارٹی سے رابطہ نہیں کریں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی حکومت سے خوش نہیں تو باہر نکلے، نخرے کیوں کر رہی ہے، بلاول بھٹو شہباز شریف کو 5 سال پورے کروا رہے ہیں تو رو کیوں رہے ہیں۔