گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب ٹریفک پولیس کے دو اہلکار ڈیوٹی کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث جاں بحق ہو گئے۔
ٹریفک وارڈن امتیاز جو گرین ٹاؤن کے علاقے میں جنرل ڈیوٹی پر تعینات تھے، اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔ اسی روز ٹریفک وارڈن اشرف بھی ناکہ سگیاں پر ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئے۔حکام نے بتایا کہ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں اہلکاروں کی میتیں اہلخانہ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں وارڈنز نے علاج معالجہ کے لیے پہلے ہی چھٹیوں کی درخواستیں دے رکھی تھیں، تاہم اچانک دل کا دورہ پڑنے سے وہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔پنجاب ٹریفک پولیس کے افسران اور ساتھی اہلکار دونوں کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔