کچا جیل روڈ پر ٹریفک وارڈنز اور چنگچی ڈرائیورز میں جھگڑا، ایک ڈرائیور گرفتار

کچا جیل روڈ پر ٹریفک وارڈنز اور چنگچی ڈرائیورز میں جھگڑا، ایک ڈرائیور گرفتار

ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے کچا جیل روڈ پر ٹریفک وارڈنز اور چنگچی رکشہ ڈرائیورز کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے دوران دونوں جانب سے ہاتھا پائی اور دھکم پیل دیکھنے میں آئی۔

عینی شاہدین کے مطابق معمولی تلخ کلامی دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں بدل گئی، جس میں ٹریفک وارڈنز اور رکشہ ڈرائیورز دست و گریباں ہو گئے۔ جھگڑے کے دوران ٹریفک وارڈن کی وردی کے بٹن بھی ٹوٹ گئے جبکہ موقع پر موجود شہریوں نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی۔سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق واقعے کے فوری بعد ایک رکشہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی، ملوث افراد کے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے اور شہریوں کی سہولت کو یقینی بنانے کیلئے چنگچی رکشہ ڈرائیورز کو بارہا سمجھایا گیا ہے، لیکن بعض عناصر بار بار قانون شکنی پر اتر آتے ہیں۔

ادھر واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں ٹریفک اہلکاروں اور رکشہ ڈرائیوروں کے درمیان جھگڑا واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔