شہر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر لگنے والی 6 مویشی منڈیوں کے لیے ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ شہریوں اور بیوپاریوں کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق جامع ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت تمام منڈیوں میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ذونل افسران، سٹی اور صدر ڈویژنز اس پلان کی نگرانی کریں گے۔ٹریفک انتظامات کے لیے مجموعی طور پر 6 ڈی ایس پیز، 18 سیکٹر انچارجز اور 200 سے زائد ٹریفک وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں جو مختلف مویشی منڈیوں میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔سی ٹی او نے بتایا کہ رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے 6 لفٹرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔ واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی صورت مین شاہراہوں پر جانور یا گاڑی کھڑی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ذونل اور ڈویژنل افسران مویشی منڈیوں کے باقاعدہ دورے کریں اور انٹری و ایگزٹ پوائنٹس، پارکنگ ایریاز اور معلوماتی بورڈز کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ٹریفک حکام کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے پلان پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ اس کے علاوہ وارڈنز کو نوسر بازوں، مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔