سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ افغان طالبان رجیم پاکستان کے اعتماد اور احسان کو نظر انداز کر رہی ہے اور اس بار بھی ناکامی افغان طالبان کا مقدر بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آئندہ کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا اور طالبان کو سبق سکھایا جائے گا تاکہ وہ دوبارہ پاکستان کو میلی آنکھ سے نہ دیکھیں۔اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، اور ہر بار دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور جارحیت کا آغاز نہیں کیا۔سینیئر وزیر نے کہا کہ پاکستان نے افغان عوام اور پناہ گزینوں کے لیے ہمیشہ تعاون اور برادرانہ تعلقات کو ترجیح دی، مگر افغان طالبان نے پاکستان کے اعتماد اور احسان کو نظر انداز کیا اور جارحانہ اقدامات کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان رجیم بھارت کی پراکسی کے طور پر پاکستان کے خلاف سرگرم ہے، جبکہ بھارت براہِ راست تصادم سے گریز کر کے طالبان کے ذریعے پاکستان کے خلاف اقدامات کر رہا ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ پاکستان نے مسائل کو مذاکرات اور ڈائلاگ کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی، تاہم جارحیت کرنے والوں کے خلاف مناسب اور فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ افغان طالبان کی کارروائیاں پاکستان کی قومی سلامتی یا عوام کی حفاظت کو کمزور نہیں کر سکتیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور ہر دشمن کے ناپاک عزائم کا سیاسی اور سفارتی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، جبکہ افواج کی قربانیوں کے ذریعے ملک کی حفاظت جاری رہے گی۔