پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں غیر قانونی امیگریشن سے متعلق چھ ممالک کی وزراء داخلہ کی کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان وفد کی قیادت کی۔
کانفرنس میں پولینڈ کے وزیر داخلہ مارسن کیئرونسکی، ایسٹونیا کے وزیر داخلہ آئیگر ٹارو، لٹویا کے وزیر داخلہ رجررڈز کوزلووسکیز، فن لینڈ کے سٹیٹ سیکریٹری ہیکی ٹیمینن، اور لتھوانیا کے وزیر داخلہ گنٹاراس ایلکزنڈراویچیاس نے اپنے ممالک کی نمائندگی کی۔ذرائع کے مطابق 6 وزراء داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام میں پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔ کانفرنس میں غیر قانونی امیگریشن کی حوصلہ شکنی اور قانونی امیگریشن کی حوصلہ افزائی کے لیے مربوط روڈ میپ مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تمام ممالک نے پاکستان کے لیے آفیشل سطح پر نوکریاں فراہم کرنے اور غیر قانونی امیگریشن کے تدارک کے لیے مشترکہ اقدامات اور مؤثر کوآرڈینیشن پر بھی اتفاق کیا۔
کانفرنس میں داخلی سکیورٹی، دہشت گردی، اور اینٹی نارکوٹکس کے مسائل پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور بارڈر سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر مفصل بات چیت کی گئی۔وفاقی وزیر محسن نقوی نے موجودہ پاک افغان سرحدی صورتحال پر بھی بریف کیا اور بتایا کہ اس وقت افغانستان میں 22 دہشت گرد تنظیمیں منظم ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا اور افغانستان میں دہشت گردوں کے درمیان ایک حفاظتی دیوار کا کردار ادا کر رہا ہے۔