وزیر داخلہ محسن نقوی ایران روانہ، اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں متوقع

وزیر داخلہ محسن نقوی ایران روانہ، اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں متوقع

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ ایرانی اعلیٰ قیادت اور حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق محسن نقوی کے دورہ ایران کے دوران پاک ایران تعلقات اور علاقائی سکیورٹی سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آسکتے ہیں۔ تاہم ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس سے قبل واضح کیا تھا کہ دورہ بنیادی طور پر دوطرفہ امور اور مشاورت پر مرکوز ہوگا اور محسن نقوی کے کسی خصوصی امریکی پیغام کے ساتھ آنے کی اطلاع نہیں ہے۔محسن نقوی اس سے قبل بھی ایران کے متعدد دورے کرچکے ہیں اور ایرانی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی رابطوں میں شریک رہے ہیں۔ رواں سال جون میں بھی ان کی ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات ہوئی تھی، جس میں پاک ایران تعلقات، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پر گفتگو کی گئی تھی۔دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب خطے میں کشیدگی کے باعث مختلف ممالک کی جانب سے سفارتی رابطے جاری ہیں۔

 قطر نے بھی حال ہی میں کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں، جبکہ پاکستان بھی ان کوششوں میں شریک ہے۔ایرانی حکام کے مطابق تہران اور واشنگٹن کے درمیان معاملات کے حوالے سے سفارتی کوششیں جاری ہیں، جبکہ پاکستان اور قطر بھی مختلف سطحوں پر رابطوں میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ محسن نقوی کے دورہ ایران کے دوران علاقائی صورتحال پر ہونے والی ملاقاتیں بھی اسی وسیع سفارتی تناظر میں اہم سمجھی جارہی ہیں، تاہم دورے کے حتمی نتائج اور ملاقاتوں میں زیر بحث آنے والے نکات کا اعلان متعلقہ حکام کی جانب سے کیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ کے دورہ ایران کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون، علاقائی امن و سلامتی اور موجودہ علاقائی صورتحال سے متعلق امور پر بات چیت متوقع ہے۔