تبلیغی جماعت کے وفد کی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات

تبلیغی جماعت کے وفد کی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے تبلیغی جماعت کے وفد نے ملاقات کی، جس میں نومبر میں ہونے والے سالانہ تبلیغی اجتماع کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفد میں انوار غنی، اقبال میاں، محمد عامر اور زاہد پراچہ شامل تھے، جبکہ اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد بھی موجود تھے۔تبلیغی جماعت کے وفد نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ رواں سال کے اجتماع کے انتظامات تیزی سے جاری ہیں اور دنیا بھر سے ہزاروں شرکا کی آمد متوقع ہے۔محسن نقوی نے یقین دلایا کہ وزارت داخلہ اجتماع کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی شرکا کے لیے ویزا کے حصول میں مکمل سہولت دی جائے گی، جبکہ گزشتہ سال کی طرح ایئرپورٹس پر خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ وفود کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔

وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا:“اسلام کی تبلیغ کے کام میں سہولت اور آسانی فراہم کرنا ہمارا فرض بھی ہے اور نیکی کا کام بھی۔”وفد نے بتایا کہ گزشتہ سال 108 ممالک سے تقریباً 15 ہزار بین الاقوامی شرکا نے اجتماع میں شرکت کی تھی۔ملاقات کے اختتام پر ملک کی ترقی، سلامتی اور سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔