ویب ڈیسک: ایران نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان موجودہ اختلافات حل کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کرانے کے لیے تیار ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ماہِ مبارک رمضان ضبطِ نفس اور عالمِ اسلام میں یکجہتی کو مضبوط کرنے کا مہینہ ہے، اور یہ مناسب وقت ہے کہ پاکستان اور افغانستان اپنے موجودہ اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ مذاکرات کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری لائی جا سکے اور خطے میں امن و استحکام قائم ہو۔یہ پیشکش ایسے وقت سامنے آئی ہے جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی اور سیکورٹی مسائل کے باعث تعلقات میں تناؤ رہا ہے۔ ایرانی ثالثی کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور خطے میں امن کو فروغ دینا ہے۔