مذاکرات کے بعد بھی ایران، امریکا کے درمیان بات چیت جاری ہے، اسماعیل بقائی

مذاکرات کے بعد بھی ایران، امریکا کے درمیان بات چیت جاری ہے، اسماعیل بقائی

ایران وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے بعد بھی فریقین کے درمیان رابطے مکمل طور پر منقطع نہیں ہوئے، بلکہ پسِ پردہ سفارتی چینلز کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ بدستور جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان نے وضاحت کی کہ اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت کے بعد براہِ راست ملاقاتوں کا سلسلہ اگرچہ محدود ہوا ہے، تاہم مختلف سفارتی ذرائع کے ذریعے غیر رسمی رابطے اور پیغام رسانی کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے پسِ پردہ رابطوں کا بنیادی مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا، فریقین کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنا اور ممکنہ سفارتی معاہدوں کے لیے ماحول کو سازگار بنانا ہوتا ہے۔

ترجمان کے مطابق ایسے رابطے عام طور پر حساس سفارتی معاملات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جہاں براہِ راست مذاکرات کے بجائے مختلف ممالک یا ثالثی چینلز کے ذریعے بات چیت آگے بڑھائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ ایران خطے میں جاری کشیدگی کے پیش نظر مختلف علاقائی اور عالمی فریقین سے مسلسل رابطے میں ہے، جبکہ رپورٹس کے مطابق پاکستان بھی امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کے حوالے سے سفارتی کوششوں میں کردار ادا کر رہا ہے۔