سرکاری ملازم سعیداختر،امجد، حضرت اللہ کو نمازتراویح کے دوران اغواکیاگیا
اغواکار مخصوص یونیفارم پہنے تھے ،شہید پولیس اہلکاربھائیوں کی نمازجنازہ ادا
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک )صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے حسن خیل سوکڑی فقیرکلی سے اغوا ہونیوالے 3بھائیوں میں سے 2کی لاشیں گزشتہ صبح مروت کنال کے علاقے مل گئیں۔تفصیلات کے مطابق حسن خیل سوکڑی فقیر کلی کی ایک مسجد میں نماز تراویح کے دوران 10 سے 12 افراد ایک مخصوص یونیفارم میں مسجد میں آئے اور تینوں بھائیوں سعیداختر،امجد اورحضرت اللہ کو اپنے ساتھ لے گئے،سعید اختر کمشنر آفس میں جبکہ امجد اور حضرت اللہ وزیر پولیس میں ملازم تھے،گزشتہ صبح دو بھائیوں امجد اور حضرت اللہ کی لاشیں بنوں میں مروت کنال کے علاقے سے ملیں، یہ دونوں پولیس اہلکار تھے، سعید اختر اب تک لاپتہ ہیں۔بنوں میں ریجنل پولیس آفس کے ترجمان نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ مسلح افراد مسجد میں داخل ہوئے اور ان تین بھائیوں کو پکڑ کر ان کے ہاتھ باندھ دئیے اور اپنے ساتھ لے گئے تھے جبکہ بنوں پولیس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نمازِ تراویح کے دوران دہشت گردوں نے سوکڑی حسن خیل کی مسجد سے دو پولیس اہلکاروں سمیت تین بھائیوں کو اغوا کر لیا اور بعد ازاں دو اہلکار بھائیوں کو بے دردی سے شہید کر دیا جبکہ ان کا تیسرا بھائی تاحال دہشت گردوں کے قبضے میں ہے۔ اغوا کے بعد شہید پولیس اہلکار بھائیوں کی نمازجنازہ پولیس لائن میں سرکاری اعزازکیساتھ ادا کردی گئی۔آر پی او بنوں سجاد خان، ڈپٹی کمشنر فہیم اللہ سمیت اعلیٰ افسروں نے جنازے میں شرکت کی۔