میں نے (جرائم کے) بہت سے مناظر دیکھے ہیں، لیکن یہ واقعہ حد سے زیادہ سنگین ہے:پولیس لیفٹیننٹ ڈین گرکن
واشنگٹن(آئی این پی )امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ٹولیڈو میں دو حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں کم از کم ایک درجن افراد زخمی ہو گئے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرین کی عمریں 14 سے 61 سال کے درمیان ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں دو افراد نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی۔ پولیس لیفٹیننٹ ڈین گرکن نے صحافیوں کو بتایا کہ میں نے (جرائم کے) بہت سے مناظر دیکھے ہیں، لیکن یہ واقعہ حد سے زیادہ سنگین ہے۔ڈپٹی چیف جوزف ہیفرنن نے اسے ایک انتہائی سرگرم تحقیقات قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشتبہ افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔ ہیفرنن نے بتایا، ہمارے پاس کچھ شواہد موجود ہیں اور ہم کچھ اہم سراغوں پر کام کر رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گرکن نے کہا کہ تفتیش کار متعدد افراد سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں اور کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ٹولیڈو کے ڈائریکٹر پبلک سیفٹی جارج کرال نے عوام سے موبائل فون کی فوٹیج فراہم کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ پولیس کو مشتبہ افراد کو تلاش کرنے میں مدد مل سکے۔جارج کرال نے کہا، میں جانتا ہوں کہ لوگوں کے پاس معلومات موجود ہیں۔ براہ کرم ہماری مدد کریں تاکہ ہم آپ کی مدد کر سکیں۔ٹولیڈو پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ایک فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ اولڈ ویسٹ اینڈ فیسٹیول کے قریب ایک شخص کو گولی لگنے کی اطلاع پر شام تقریبا ساڑھے پانچ بجے اہلکاروں کو روانہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ متعدد زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی طبی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے۔جارج کرال نے بتایا کہ اس تقریب میں چند سو لوگ موجود تھے۔ انہوں نے کہا، یہ ٹولیڈو کے سب سے تاریخی اور معروف تہواروں میں سے ایک ہے، اور یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ اس طرح کے واقعے نے اسے خراب کر دیا۔