ملک میں 2 کروڑ 53 لاکھ سے زائد بچے اور بچیاں تعلیم سے محروم

 13 اعشاریہ 41 ملین بچیاں ‘11 اعشاریہ 96 ملین لڑکے ‘سکولوں سے باہر ، مجموعی طور پر 25 اعشاریہ 37 ملین بچے اور بچیاں تعلیم سے محروم ہیں
اسلام آباد(آئی این پی )   ملک بھر میں 2کروڑ53لاکھ سے زائد  بچے اور بچیاں تاحال اسکولوں سے باہر ہونے کا انکشاف ہواہے۔ پاکستان ادارہ برائے تعلیم  کی تعلیمی سال 2023-24 کی  جاری پورٹ  کے مطابق  ملک میں 13 اعشاریہ 41 ملین بچیاں اور 11 اعشاریہ 96 ملین لڑکے اسکولوں سے باہر ہیں، یوں مجموعی طور پر 25 اعشاریہ 37 ملین بچے اور بچیاں تعلیم سے محروم ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 2 کروڑ 53 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، پنجاب میں 5 سے 16 سال کی عمر کے36 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ تعداد کے لحاظ سے 9 اعشاریہ 60 ملین بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ سندھ میں 5 سے 16 سال تک کے 42 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، صوبے میں 7 اعشاریہ 82 ملین بچیاں تعلیم سے محروم ہیں، خیبرپختونخوا میں 29 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ 4 اعشاریہ 92 ملین بچیاں تعلیم حاصل نہیں کر رہیں۔   بلوچستان میں صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک ہے جہاں 58 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 15 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ میں ملک میں تعلیمی بحران کو سنگین قرار دیتے ہوئے فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے تاکہ لاکھوں بچوں کو تعلیم کے بنیادی حق سے محروم ہونے سے بچایا جا سکے۔