دنیا بدل چکی ہے مگر بلوچستان میں اب بھی بچہ ٹاٹ پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرتا ہے جو ایک انتظامی غفلت ہے:وزیراعلی سرفراز بگٹی
کوئٹہ (آئی این پی) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں تعلیمی ترقی، صحت اور امن و امان سے متعلق اہم اصلاحاتی اقدامات کی منظوری دے دی گئی ہے۔اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ان تینوں شعبوں کی بہتری کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر اتفاق کیا گیا جبکہ شرح خواندگی میں اضافے اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے جامع پالیسی اصلاحات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مجوزہ تعلیمی پالیسی کے تحت صوبے میں پرائمری سطح پر اسکول یونیفارم کی شرط ختم کرنے اور پرائمری اسکولوں کو جینڈر فری ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد بچے اور بچیاں بنیادی تعلیم ایک ہی اسکول میں حاصل کر سکیں گے۔اس پالیسی کو منظوری کے لیے بلوچستان کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا‘سرفراز بگٹی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بدل چکی ہے مگر بلوچستان میں اب بھی بچہ ٹاٹ پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرتا ہے جو کہ ایک انتظامی غفلت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اب کوئی بچہ ٹاٹ پر نہیں بیٹھے گا اور ہر بچے کو ڈیسک پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے کا حق ملے گا کیونکہ بچوں میں خود اعتمادی اور عزت نفس کو پروان چڑھانا وقت کی ضرورت ہے