ای ٹیکسی سکیم کا آغاز حکومت ڈاؤن پیمنٹ کا 50فیصد اورمارک اپ ادا کرے گی مریم نواز

 پنجاب ای ٹیکسی شروع کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ‘ابتدائی مرحلے میں 1,100 ای ٹیکسی وہیکلز  دے رہے ہیں ، جن پر 4 ارب  کی سبسڈی دی گئی ہے
ِّسکیم خواتین کو باعزت روزگار دے گی‘پنجاب میں خواتین محفوظ ہیں ‘کسی بھی قسم کے نقصان کی کوشش کرنے والے  انجام کو پہنچیں گے:  تقریب  سے خطاب 
لاہور (سپیشل رپورٹر)  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں ای ٹیکسی سکیم کا افتتاح کر دیا، انہوں نے کہا پورے ملک میں  پنجاب ای ٹیکسی شروع کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف ماحول کے لیے مفید ہے بلکہ خواتین کے لیے باعزت روزگار فراہم کرنے والا اہم اقدام بھی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 1,100 ای ٹیکسی وہیکلز  دے رہے ہیں ، جن پر چار ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منصوبے میں خواتین کی شرکت 30 فیصد ہے اور  اس کی بیحد خوشی ہے ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب میں خواتین محفوظ ہیں اور کسی بھی قسم کے نقصان کی کوشش کرنے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ خواتین اب مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں اور انہیں روزگار کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ای ٹیکسی ایک دفعہ چارج کرنے پر 300 کلومیٹر چل سکے گی اور ماہانہ ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے تک آمدنی ممکن ہے۔ اسکیم کے تحت  خواتین کے لیے 60 فیصد اور مردوں کے لیے 50 فیصد ڈاؤن پیمنٹ پنجاب حکومت ادا کرے گی۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ گرین اور الیکٹرک بسوں نے پنجاب کے ٹرانسپورٹ نظام کو بدل کر رکھ دیا ہے اور خواتین، طلبہ، بزرگوں اور بچوں کے لیے مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ پنجاب کی ہر تحصیل میں گرین بسز فراہم کی جائیں گی اور ٹریک لیس گرین بس منصوبے کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔