لاہور(آن لائن) پنجاب حکومت نے سمارٹ ٹرانسپورٹ پراجیکٹ کے تحت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ای ٹیکسی سکیم کا باقاعدہ پائلٹ منصوبہ شروع کر دیا ہے، جس کے ذریعے بے روزگار نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت 1100 الیکٹرک ٹیکسی گاڑیاں پانچ سال کی آسان اقساط پر نوجوان لڑکوں، لڑکیوں، خواتین اور خواہشمند نجی کمپنیوں کو دی جائیں گی۔ پنجاب حکومت اس منصوبے پر مجموعی طور پر 3.5 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔حکام کے مطابق یہ گاڑیاں انفرادی طور پر یا نجی کمپنیاں بڑی تعداد میں بھی حاصل کر سکتی ہیں، جبکہ درخواستوں کی آخری تاریخ 5 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ کامیاب درخواست دہندگان کا انتخاب شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس سکیم کو انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پراجیکٹ پنجاب بھر میں بے روزگاری کے خاتمے میں مدد دے گا اور شہریوں کو سستی، ماحول دوست اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔