دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں فورسز کے عزم کا ثبوت ہیں: صدرِ مملکت‘عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی:وزیراعظم
راولپنڈی (آن لائن) بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر مبنی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جامع کلیئرنس و سینیٹائزیشن آپریشن میں 10 مزید دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )کے مطابق ژوب میں25فروری کو تازہ آپریشن کے دوران فورسز نے مختلف راستوں پر چھپے خوارج کا سراغ لگا کر ان کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید دس بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج مارے گئے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ’’فتنہ الخوارج‘‘ کے خلاف کامیاب آپریشن کی بھرپور ستائش کی ہے،انہوں نے کہا بھارتی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد عناصر پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے ان دشمن عناصر اور ان کے مقامی سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت اور قومی یکجہتی کے ساتھ اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے یہ آپریشنز ملک میں دیرپا امن اور استحکام کی ضمانت ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔پاکستان سے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور تمام ادارے پرعزم ہیں۔دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے قومی عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ وطنِ عزیز کی مٹی کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول تک کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔