اسلام آباد: ترک صدر رجب طیب اردوان پاکستان کے دورے پر وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں استقبال
وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور خاتون اول کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں سلامی دی گئی اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم نے مہمان خصوصی کو وفاقی کابینہ کے اراکین سے فرداً فرداً ملاقات کروائی۔
ترک صدر کی نور خان ایئربیس آمد
گزشتہ شب ترک صدر رجب طیب اردوان اپنی اہلیہ، سرمایہ کاروں اور تاجر رہنماؤں کے ہمراہ نور خان ایئربیس پہنچے تھے، جہاں صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ترک صدر کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ ان کے ہمراہ آنے والے ترک سرمایہ کاروں اور تاجروں کا بھی اعلیٰ سطح پر استقبال کیا گیا۔ترک صدر کے دورے کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی، جبکہ دونوں ممالک کے وفود اہم معاہدوں پر دستخط بھی کریں گے۔