انڈونیشیا کے صدر کا وزیراعظم ہاؤس میں گرمجوش استقبال، گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا

انڈونیشیا کے صدر کا وزیراعظم ہاؤس میں گرمجوش استقبال، گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا

انڈونیشیا کے صدر پروبووو سوبیانتو کا پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ بہت اہمیت کا حامل ہے، جس کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم ترقی متوقع ہے۔

 اس دورے کے دوران صدر پروبووو سوبیانتو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس میں باہمی امور اور دوطرفہ مفادات پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ اس کے علاوہ، صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات متوقع ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع پیدا ہوں گے۔دورے کے دوران، دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام، بشمول چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، جس میں دفاعی تعاون اور سکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق، اس دورے میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، آئی ٹی، صحت، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان متعدد نئے اقدامات پر اتفاق رائے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی توقع ہے۔

یہ دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، شراکت داری میں وسعت اور نئی منصوبہ بندی کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات 1950 سے قائم ہیں اور دونوں ممالک اپنی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں، جو اس دورے کی اہمیت کو اور بڑھاتا ہے۔ یہ سفر دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے، مشترکہ مفادات کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر دونوں کی اثرورسوخ کو بڑھانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔