سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس میں ملک بھر میں جاری بارشوں کے پیش نظر سندھ حکومت کی تیاریوں اور دیگر اہم معاملات پر روشنی ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ ناردرن ایریاز میں بارشوں کے باعث شدید نقصان ہوا ہے اور سندھ حکومت مکمل الرٹ ہے۔ اگر کسی صوبے کو امداد درکار ہوئی تو سندھ حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
سندھ حکومت کی تیاری مکمل
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ نے 2010 سے اب تک متعدد بار شدید بارشیں اور سیلاب جھیلے ہیں، اس لیے حکومت کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بڑے اسپیل کی صورت میں صوبے کی تمام مشینری تیار اور انتظامیہ پہلے سے الرٹ ہے۔
بلوچستان واقعے کی مذمت
انہوں نے بلوچستان میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی اور قاتلوں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
معیشت اور کاروبار کے لیے اقدامات
شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت کاروباری طبقے کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے آن لائن اور ون ونڈو آپریشن متعارف کروا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت سرمایہ کاری کا سنہری موقع موجود ہے اور حکومت اس حوالے سے مثبت اقدامات کر رہی ہے۔
لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے پر حکومت نے فوری کارروائی کی، اب تک 59 خطرناک عمارتیں خالی کروائی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری ہے، اور متاثرہ مکینوں کو چھ ماہ کا کرایہ حکومت ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی تعمیرات کی اطلاع دیں تاکہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔
ترقیاتی منصوبے
شرجیل میمن نے بتایا کہ:شاہراہ بھٹو تیزی سے مکمل ہو رہی ہے۔جام صادق پل اگست تک عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔کے فور منصوبے پر بھی وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت مسلسل میٹنگز ہو رہی ہیں اور جلد یہ منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔
سیاسی مؤقف
سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی رہنما کو سزا ملنے پر پیپلز پارٹی کو خوشی نہیں ہوتی، تاہم جلاؤ گھیراؤ، سرکاری املاک کو آگ لگانا دہشتگردی ہے، نہ کہ سیاست۔ ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔