ٹرمپ کی یورپ پر 25 فیصد محصولات عائد کرنے کی دھمکی، عالمی تجارتی کشیدگی کا خدشہ

ٹرمپ کی یورپ پر 25 فیصد محصولات عائد کرنے کی دھمکی، عالمی تجارتی کشیدگی کا خدشہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ یورپی یونین کی مصنوعات پر 25 فیصد تک محصولات عائد کریں گے، جن میں کاریں اور فارماسیوٹیکل مصنوعات شامل ہیں۔

 انہوں نے یورپی یونین کو امریکہ کے خلاف ایک سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بلاک کا مقصد امریکہ کو تجارتی طور پر نقصان پہنچانا تھا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ اقدامات "غیر منصفانہ اور غیر متوازن تجارت" کے خلاف ایک "مساوی جواب" ہوں گے۔اس کے علاوہ، ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ اپریل کے آغاز میں کینیڈا اور میکسیکو پر بھی بھاری محصولات نافذ کیے جائیں گے، جن کا مقصد غیر قانونی امیگریشن اور فینٹانل اسمگلنگ کو روکنا ہے۔یورپی یونین نے ٹرمپ کے اس اعلان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس فیصلے کا "مضبوط رد عمل" دیں گے۔

 یورپی کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ "یورپی یونین کو امریکہ کے کینیڈا، میکسیکو اور چین پر محصولات عائد کرنے کے فیصلے پر افسوس ہے۔"یہ اقدامات عالمی تجارتی تعلقات میں کشیدگی پیدا کر سکتے ہیں، کیونکہ یورپی یونین اور دیگر ممالک پہلے ہی امریکی تجارتی پالیسیوں پر اعتراضات کر چکے ہیں۔ اس سے قبل، ٹرمپ نے اسٹیل اور ایلومینیم کی تمام درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ان تجارتی اقدامات کے اثرات عالمی منڈیوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، جس سے اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔