چین کا امریکا کو سخت جواب، امریکی مصنوعات پر 84 فیصد محصولات عائد

چین کا امریکا کو سخت جواب، امریکی مصنوعات پر 84 فیصد محصولات عائد

چین نے امریکی مصنوعات پر 84 فیصد محصولات عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

یہ اقدامات امریکہ کی طرف سے چین کی مصنوعات پر عائد اضافی محصولات کے جواب میں کیے گئے ہیں۔چینی وزارت خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کی 104 فیصد ٹیرف کی پالیسی کے بعد چین 84 فیصد ٹیرف عائد کرے گا۔ اس سے قبل چین نے امریکی مصنوعات پر 34 فیصد ٹیرف لگانے کا کہا تھا، مگر اب اس میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔تجارتی جنگ میں شدت اس وقت آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سمیت دیگر ممالک پر نئے ٹیرف لاگو کیے تھے، جس کے بعد چین نے بھی امریکہ سے ایل این جی اور کوئلے کی درآمدات پر 15 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کیا۔چین اور امریکہ کی تجارتی جنگ کی شدت میں مزید اضافہ اس وقت ہوا جب دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر محصولات عائد کرنے کے سلسلے کو مزید آگے بڑھایا۔ ٹرمپ نے یہ اعلان کیا تھا کہ چین کے ساتھ 295 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کو کم کرنے تک وہ محصولات نہیں ہٹائیں گے۔

چین نے اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے دباؤ ڈالنے کے اقدامات کو سختی سے مسترد کیا جائے گا، اور اگر امریکہ اپنی پالیسی پر اصرار کرتا رہا، تو چین اس لڑائی کو آخر تک لڑنے کا عزم رکھتا ہے۔اس کشیدہ صورتحال کے باوجود چین نے اپنے موقف کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی مصنوعات پر 84 فیصد ٹیرف عائد کرے گا اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی نرم رویہ اختیار نہیں کرے گا۔