سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے خبردار کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت نتائج بھگتنا ہوں گے۔
اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن عوام کے وسیع تر مفاد میں ہے، جس کا مقصد سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھنا اور حادثات کی روک تھام ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ غیر معیاری گاڑیوں اور لاپرواہ ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گا۔وزیر ٹرانسپورٹ کی ہدایات پر ان فٹ کمرشل گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے دوران 53 گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں جبکہ 15 ڈرائیوروں کو گرفتار کیا گیا۔ حکام نے مجموعی طور پر 1,115 گاڑیوں کی جانچ کی، جن میں سے 565 گاڑیوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کیا گیا۔ مزید برآں، 7 کمرشل گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس منسوخ کر دیے گئے کیونکہ وہ سڑک پر چلنے کے قابل نہیں تھیں۔
غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 279 کے تحت 17 ایف آئی آر درج کی گئیں، جبکہ ہیوی ٹریفک کی مقررہ وقت کے بعد نقل و حرکت پر دفعہ 188 کے تحت 6 مقدمات درج کیے گئے۔ اس کے علاوہ، موٹر وہیکل آرڈیننس کی دفعات 99 اور 113 کے تحت 15 ڈرائیوروں کو گرفتار کیا گیا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی۔