خیبرپختونخوا کے علاقے ٹانک میں شدید بارشوں کے نتیجے میں جی پی ایس نمبر 4 قطب کالونی کے سرکاری اسکول کے ایک کمرے کی چھت گر گئی۔
اسکول ٹیچرز کے مطابق:
چھت رات کے وقت گری، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن اسکول کی عمارت مزید خطرناک ہو چکی ہے۔گرنے والا کمرہ 3 مختلف کلاسز کے لیے استعمال ہوتا تھا، اور اب اسکول میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔
علاقہ مکینوں اور والدین کا مطالبہ:
پہلے ہی 3 کمروں پر مشتمل اسکول میں اب صرف 2 کمرے بچے ہیں، جو بھی ناقابلِ استعمال ہو چکے ہیں۔والدین اور اساتذہ نے محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ سے فوری طور پر متبادل بندوبست کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بچوں کا تعلیمی وقت ضائع نہ ہو۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو بچوں کا تعلیمی سلسلہ بری طرح متاثر ہو سکتا ہے۔