جڑانوالہ میں مسلسل بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ ان کی والدہ سمیت دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ جڑانوالہ کے علاقے جھنگ بازار، چک نمبر 219 ر ب ٹلیانوالہ میں پیش آیا، جہاں بارش کے باعث ایک بوسیدہ مکان کی چھت اچانک منہدم ہوگئی۔ چھت گرنے کے وقت گھر میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے ملبے میں پھنسے افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 6 ماہ کا رضوان اور 5 سالہ سبحان شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں رضوانہ زوجہ محمد ادریس اور 6 سالہ محمد احمد شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلسل بارش کے باعث مکان کی چھت کمزور ہو چکی تھی، جو اچانک گرنے سے یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ متعلقہ حکام نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔