ویب ڈیسک: چیمپئنز ٹرافی کے گروپ مرحلے سے باہر ہونے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم آج بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گی۔
یہ میچ دوپہر 2 بجے شروع ہوگا اور دونوں ٹیموں کے لیے ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کرنے کا آخری موقع ہوگا۔پاکستان اور بنگلہ دیش اب تک کھیلے گئے اپنے دونوں میچوں میں ناکام رہے ہیں، جہاں انہیں نیوزی لینڈ اور بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان نتائج کے بعد دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں۔
بنگلہ دیش ٹیم کا ردعمل
بنگلہ دیشی ٹیم نے گزشتہ روز کوئی پریکٹس سیشن نہیں کیا۔ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ صلاح الدین کا کہنا تھا کہ "ہم نے چیمپئنز ٹرافی میں اپنی بہترین کارکردگی نہیں دکھائی، لیکن ہم ماضی کی ناکامیوں کو بھول کر آج کے میچ میں بہتر کھیلنے کی کوشش کریں گے۔"صلاح الدین نے مزید کہا کہ "ہمارے بولرز نے اچھا پرفارم کیا، لیکن بیٹنگ لائن توقعات پر پوری نہیں اتری، خاص طور پر مڈل آرڈر میں بہتری کی ضرورت ہے۔"
پاکستان ٹیم کا چیلنج
پاکستانی ٹیم کے لیے یہ میچ ساکھ بچانے کا موقع ہوگا۔ ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ اب تک غیر متوازن نظر آئی ہے، جبکہ کپتان اور کوچنگ اسٹاف پر بھی دباؤ بڑھ چکا ہے۔یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہے کیونکہ جیتنے والی ٹیم ٹورنامنٹ کا اختتام ایک مثبت نوٹ پر کرے گی۔