کینیڈا کے 10میں سے 7افراد امریکی شہری بننے کے مخالف ہیں،سروے رپورٹ
واشنگٹن ؍ اوٹاوا (آئی این پی ) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کینیڈا کے شہریوں کی بڑی تعداد امریکا کی 51ویں ریاست کا حصہ بننا چاہتی ہے۔وائٹ ہائوس میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھرکینیڈا کو امریکا کی 51ویں ریاست بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔کینیڈا میں امریکی ریاست کا حصہ بننے سے متعلق سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا یہ بات درست ہے کہ کینیڈا کے شہریوں کی بڑی تعداد امریکا کی 51ویں ریاست کا حصہ بننا چاہتی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کینیڈین شہریوں کو بہت زیادہ ٹیکسز ادا کرنا پڑتے ہیں لیکن انہیں سکیورٹی کے لیے بہت زیادہ ٹیکس ادا نہیں کرنا پڑتا کیوں کہ وہ ہم پر انحصار کرتے ہیں جو ہمارے ساتھ بہت ناانصافی ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر کے اس بیان پر کینیڈا میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے اور کینیڈین میڈیا نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حال ہی میں کیے گئے سروے کے مطابق کینیڈا کے 10میں سے 7افراد امریکی شہری بننے کے مخالف ہیں۔اس حوالے سے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو واضح الفاظ میں کہہ چکے ہیں کہ کینیڈا قیامت تک امریکا میں ضم نہیں ہو گا۔