آخری دہشتگرد کے خاتمے تک خلاف جنگ جاری رہے گی‘بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر دہشتگرد حملوں کی مذمت
اسلام آباد(آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر دہشتگرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد امن اور انسانیت کے دشمن ہیں انکا کوئی مذہب نہیں ہے، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ ایک بیان میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے حملوں کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے 15 جوانوں اور 18 معصوم شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور دہشتگردوں کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے 163 سے زائد دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔اسپیکر سردار ایاز صادق کی جانب سے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہارکیا گیا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ معصوم شہریوں اور فورسز پر حملے کرنے والے شرپسند عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، دہشتگرد امن اور انسانیت کے دشمن ہیں انکا کوئی مذہب نہیں ہے، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں قابل ستائش ہیں، دو روزہ آپریشن میں 163 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنا فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کارروائیاں جاری رکھے گی،قوم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاکی۔