محسن نقوی کی اطالوی ہم منصب سے ملاقات، 10,500 ورک ویزوں کی منظوری

محسن نقوی کی اطالوی ہم منصب سے ملاقات، 10,500 ورک ویزوں کی منظوری

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی سے اہم ملاقات، داخلی سکیورٹی اور قانونی مائیگریشن پر تبادلہ خیال.

ملاقات میں دونوں ممالک نے داخلی سکیورٹی تعاون، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور قانونی ہجرت کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی۔ اس موقع پر یہ اتفاق ہوا کہ پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کے لیے 10,500 ورک ویزے جاری کیے جائیں گے۔اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک قانونی مائیگریشن کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط کریں گے۔ میٹیو پینٹے ڈوسی نے پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے اٹلی کے ویزے سے استثنیٰ دینے پر بھی آمادگی ظاہر کی۔ملاقات میں انسداد منشیات، انسانی سمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ محسن نقوی نے اٹلی کو ایئرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر کڑی نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں کمی سے آگاہ کیا، جسے اطالوی وزیر نے سراہا۔

اس موقع پر پنجاب پولیس کے افسران نے پولیس خدمت مراکز گلوبل کی افادیت پر بریفنگ دی، جسے اطالوی حکام نے بھی سراہا۔ ملاقات میں پاکستان کے اطالوی سفیر علی جاوید، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔