صدر محمد بن زاید کا پہلا سرکاری دورہ پاکستان کے لئے باعث فخر ہے‘ اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید استحکام آئے گا
صوبہ بھر میں مسیحی برادری کا بے خوف اور محفوظ طریقے سے کرسمس منانا باعث فخر ہے‘ہر اقلیتی گروہ خود کو محفوظ اور عزت سے محسوس کرتا ہے
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے پاکستان کے سرکاری دورے کا خیرمقدم کیا اور اس موقع پر اہل پنجاب کی جانب سے انہیں خوش آمدید کہا۔ اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات لازوال اور بے مثال ہیں، اور صدر محمد بن زاید کا پہلا سرکاری دورہ پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید استحکام آئے گا اور اقتصادی، ثقافتی، اور سیاسی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صدر محمد بن زاید النہیان کا دورہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور دوستی کی مضبوط بنیادیں فراہم کرے گا، اور پاکستان کو متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا موقع ملے گا۔دریں اثناء مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں کرسمس کی تقریبات کے بہترین انتظامات پر انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا صوبہ بھر میں کرسچین برادری کا بے خوف اور محفوظ طریقے سے کرسمس منانا باعث فخر ہے۔مریم نواز شریف نے اس بات کا ذکر کیا کہ خوشی ہے کہ آج پنجاب میں ہر اقلیتی گروہ خود کو محفوظ اور عزت سے محسوس کرتا ہے، جو کہ گڈ گورننس کا ایک معیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر فرد کرسچن کمیونٹی کی خوشیوں میں شریک ہے، جب کہ ہمارے ہمسایہ ملک بھارت میں انتہا پسند کرسمس منانے پر حملے کرتے ہیں، جو کہ وہاں کی افسوسناک صورتحال کو ظاہر کرتا ہے