پاک چین دوستی زندہ باد! ہم اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کو دہراتے ہیں‘ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ حق دوستی ادا کیا
امن، خوشحالی اور استحکام کیلئے پاکستان اور چین کا مؤقف ہمیشہ یکساں رہا ہے، پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی اور روشن مستقبل کی نوید ہے
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری پاکستان چین کی لازوال دوستی کی 75 ویں سالگرہ پردونوں ممالک کی قیادت اور عوام کومبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ،کیمونسٹ پارٹی آف چائنا اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان لازوال دوستی، پائیدار امن، اور باہمی تعاون کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان قابلِ اعتماد سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کیلئے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال کی بے مثال تکمیل تاریخ ساز سنگ میل ہے۔پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ ترقی کی لازوال مثال ہے۔ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر حق دوستی ادا کیا۔ پاک چین دوستی زندہ باد! ہم اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کو دہراتے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے پاکستان اور چین کا مؤقف ہمیشہ یکساں رہا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی اور روشن مستقبل کی نوید ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی سمندروں سے گہری، ہمالیہ سے بلند اور سٹیل سے زیادہ مضبوط ہے۔ 75 سال پر محیط پائیدار دوستی نسلوں تک قائم و دائم رہے گی۔ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون اور پائیدار ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔