ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے آن لائن مالیاتی فراڈ میں ملوث گینگ کے دو اہم ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت عادل نعمان اور عبد القادر کے نام سے ہوئی ہے، اور دونوں کو راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے پکڑا گیا۔ ملزم عبد القادر منظم گینگ کا حصہ ہے جو سادہ لوح شہریوں کو فراڈ کا شکار بنا رہا تھا۔یہ ملزمان سپوفنگ کالز سافٹویئر کا استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو کال کرتے تھے اور خود کو مختلف اداروں کے نمائندے یا اہلکار ظاہر کر کے ان سے حساس معلومات حاصل کرتے تھے۔ اس طریقہ کار سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے ملزمان شہریوں کے بینک اکاؤنٹس سے بھاری رقوم ٹرانسفر کر لیتے تھے۔
گرفتار ملزم عادل نعمان نے شہری کے بینک اکاؤنٹ سے 17 لاکھ روپے کا غبن کیا تھا۔ حکام کے مطابق ملزمان نے موبائل بینکنگ ایپلیکیشن کے ذریعے بینک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کی اور متعدد نیشنل اور انٹرنیشنل بینکوں کے اکاؤنٹس سے رقوم ٹرانسفر کیں۔ایف آئی اے نے ملزمان کے قبضے سے موبائل فون اور دیگر شواہد بھی تحویل میں لے لیے ہیں اور ان کے خلاف تفتیش شروع کر دی ہے۔ اس کے علاوہ، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ پورے گینگ کو پکڑا جا سکے۔