ایف آئی اے کی کارروائی: سعودی ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے کی کارروائی: سعودی ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے اسلام آباد زون نے ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

 یہ ملزمان خود کو سعودی کمپنیوں کے نمائندے ظاہر کرتے تھے اور سادہ لوح شہریوں کو سعودی عرب کا ورک ویزا فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم ہتھیا لیتے تھے۔حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں سکندر زیب، محبوب اور مظہر اقبال شامل ہیں۔ سکندر زیب نے سعودی کمپنی کا نمائندہ بن کر کروڑوں روپے کا ویزا فراڈ کیا، جس میں اس نے غیر قانونی طور پر ویزے کی فراہمی کے بدلے بڑی رقم حاصل کی۔ ملزمان نے اپنے جھوٹے وعدوں کے ذریعے کئی افراد کو دھوکہ دیا اور ان سے پیسہ وصول کیا۔

ملزم اولیاء خان، جو 2015 سے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی کو مطلوب تھا، اس گروہ کا حصہ تھا۔ اس کے علاوہ، مظہر اقبال نے 2019 میں جعلی پاسپورٹ پر مراکش جانے کی کوشش کی تھی، جسے لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف کارروائی پاکستانی ایمبیسی مراکش کی درخواست پر کی۔ ان ملزمان کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔