وفاقی آئینی عدالت میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی بحالی کے لیے باضابطہ درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
درخواست پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا بطور وزیراعلیٰ دیا گیا استعفیٰ آئینی اور قانونی طور پر درست نہیں تھا اور یہ مبینہ طور پر دباؤ کے تحت حاصل کیا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ استعفے کو غیر مؤثر اور کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں دوبارہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے منصب پر بحال کیا جائے۔درخواست گزار کے مطابق استعفے کے عمل میں آئینی تقاضوں کی خلاف ورزی کی گئی، لہٰذا اس فیصلے کو عدالتی سطح پر کالعدم قرار دینا ضروری ہے۔
اس حوالے سے درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ معاملے کی فوری سماعت کی جائے تاکہ صوبے میں انتظامی اور آئینی ابہام ختم ہو سکے۔درخواست دائر کرنے والے شیر افضل مروت کے مطابق یہ اقدام آئین کی بالادستی اور جمہوری عمل کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔علی امین گنڈاپور کی بحالی سے متعلق یہ معاملہ اب عدالتی کارروائی کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جبکہ شیر افضل مروت کی درخواست پر عدالت کے آئندہ فیصلے کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔