پنجاب میں درختوں کی کٹائی پر مکمل پابندی، شجرکاری اور تحفظ کو اولین ترجیح

پنجاب میں درختوں کی کٹائی پر مکمل پابندی، شجرکاری اور تحفظ کو اولین ترجیح

پنجاب  میں درختوں کے تحفظ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں اور درختوں کی کٹائی پر مکمل پابندی برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ اعلان صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین  کی زیر صدارت پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی کے پہلے بورڈ اجلاس میں کیا گیا، جس میں متعدد اہم پالیسی فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ درختوں کی جیو ٹیگنگ اور مؤثر مانیٹرنگ کے لیے جدید ایپلیکیشن تیار کر لی گئی ہے، جبکہ ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے تمام درختوں کا ڈیٹا بیس اور ڈیجیٹل میپنگ یقینی بنائی جائے گی۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے ڈیزائن میں شجرکاری اور درختوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے اور کسی بھی درخت کو کاٹنے کے لیے پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے)  سے پیشگی منظوری لازمی ہوگی۔اجلاس میں تجویز دی گئی کہ ایک درخت کاٹنے کے بدلے 20 نئے پودے لگائے جائیں اور ان کی تین سال تک مکمل نگرانی کی جائے تاکہ شجرکاری کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔

مزید برآں، جاری ترقیاتی منصوبوں کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد، پبلک پارکس، گرین ایریاز اور درختوں کے تحفظ کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دینے اور ثقافتی طور پر ڈکلیئرڈ پارکس میں کسی بھی سرگرمی کو اتھارٹی کی منظوری سے مشروط کرنے پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں 21 مختلف ایجنسیوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ مجوزہ قوانین، مالیاتی ماڈل، آپریشنل امور اور پالیسی سازی سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔