بانی پی ٹی آئی پاکستان کی خاطر سب کو معاف کرنے کیلئے تیار ہیں، 26 نومبر کو گولی چلی
جنہوں نے گولی چلانے کا حکم دیا وہ 26 مئی کے واقعہ کے ذمہ دار ہیں:سربراہ سنی اتحاد کونسل
راولپنڈی (آئی این پی ) سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے ہم 31 جنوری تک مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں، مذاکرات کو عمر ایوب لیڈ کر رہے ہیں۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا 26 نومبر پر واضح موقف ہے گولی چلی، اس دن ہمارے 13 کارکنان شہید ہوئے ہیں، کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جنہوں نے گولی چلانے کا حکم دیا وہ 26 مئی کے واقعہ کے ذمہ دار ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا پاکستان اور پاکستان کی بقا کے لیے وہ خود سے ہوئے سارے ناروا سلوک معاف کرنے پر تیار ہیں، بانی پی ٹی آئی پاکستان کی خاطر سب کو معاف کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دو ہی مطالبات ہیں، 9 مئی کے معاملے پر دوسری طرف سے ہم پر الزام دیا جاتا ہے، سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، تحقیقات کی جائے کہ کون سے لوگ تھے جو نو مئی کو عوام کو اشتعال دلا رہے تھے۔