بینظیر صرف سیاسی شخصیت نہیں تھیں بلکہ مظلوم، محکوم اور پسماندہ طبقات کیلئے امید کی کرن تھیں
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید بینظیر بھٹو کے 17ویں یوم شہادت کے موقع پر ان کی بے مثال قربانیوں، غیر متزلزل قیادت اور پاکستان کے لیے ان کی پائیدار میراث کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ے کہ شہید بینظیر بھٹو کی زندگی جراَت، استقامت اور لاکھوں پاکستانیوں کے لیے امید کی علامت تھی، جو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن سے گہرائی سے جڑی تھی، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو صرف ایک سیاسی شخصیت نہیں تھیں بلکہ مظلوم، محکوم اور پسماندہ طبقات کے لیے امید کی کرن تھیں۔ مساوات اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنے والد کے وژن سے ان کی غیر متزلزل وابستگی ہم سب کے لیے ایک تحریک ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طرح، وہ عوام کی طاقت پر یقین رکھتی تھیں اور مزدوروں، کسانوں اور پسماندہ طبقات کو قومی ترقی کی بنیاد سمجھتی تھیں۔ ان کی مصالحت، مشاورت اور مختلف نقطہ نظر کو سمجھنے کی فلسفیانہ سوچ نے ایک جدید اور روشن پاکستان کی بنیاد رکھی۔